وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے زیادہ سے زیادہ پیداواری شعبوں کو خودکار نگرانی کے نظام کے دائرہ کار میں لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی محصولات میں اضافہ یقینی بنانے اور ٹیکس چوری کے سدباب کے لیے انفورسمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی مؤثر انداز میں روک تھام کی جا سکے۔
حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کو فروغ دینے کے لیے ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کفایت شعاری اور توانائی کے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور ورک فورس مینجمنٹ کے حوالے سے اپنی روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائیں تاکہ ان اقدامات کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت موجودہ عالمی حالات کے باوجود ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کفایت شعاری کے تحت کیے جانے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے تاکہ شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ کفایت شعاری کے تحت بند کی جانے والی سرکاری گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو بھجوائی جائیں تاکہ ان اقدامات کی باقاعدہ نگرانی اور ریکارڈ رکھا جا سکے۔
یہ ہدایات منگل کے روز وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔ اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید بتایا کہ کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے اعلان کردہ حکومتی اقدامات کی نگرانی کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر ان اقدامات کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ فیصلوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔