پاور ڈویژن صنعتی صارفین کے لیے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت بجلی کے استعمال کو مختلف اوقات کے مطابق منظم کرنے اور نظام پر دباؤ کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق صنعتی صارفین کو وقت کے لحاظ سے بجلی کے مختلف نرخوں کا انتخاب کرنے کی سہولت دی جائے گی، جبکہ مستقل چارجز زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے تاکہ نظام کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتوں کو کم طلب کے اوقات میں بجلی کے زیادہ استعمال کی ترغیب دی جائے گی، جس سے زیادہ طلب کے اوقات میں دباؤ کم ہوگا اور بجلی کے مجموعی نظام کی کارکردگی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق سستی بجلی کی دستیابی سے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور عالمی منڈی میں مسابقت بہتر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، جو معیشت کے لیے مثبت ثابت ہو سکتی ہے۔
پاور ڈویژن نے مجوزہ ٹیرف نظام پر متعلقہ فریقین سے مشاورت کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے تحت صنعتی صارفین اور کاروباری اداروں کی نمائندہ تنظیموں سے رائے لی جائے گی، جبکہ اس سلسلے میں پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات سے طویل المدتی معاشی ترقی کو فروغ ملنے کی امید ہے، اور نیا ٹیرف نظام توانائی کے مؤثر استعمال اور بچت کے رجحان کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔