ڈھاکا میں مسافر بس دریائے پدما میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ بدھ کی شام پیش آیا، جس میں اب تک 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شام تقریباً 5 بجے کے قریب مسافروں سے بھری بس اس وقت بے قابو ہو گئی جب اسے ایک فیری میں سوار کیا جا رہا تھا، جس کے نتیجے میں بس تقریباً 30 فٹ گہرے پانی میں جا گری اور ڈوب گئی۔
بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے، جن میں سے کچھ افراد کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا جبکہ 18 افراد جاں بحق ہو گئے، اور دیگر افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمی اور ریسکیو کیے گئے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
حادثے کے بعد کچھ مسافر لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی مدد لی جا رہی ہے، تاہم علاقے میں طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔