پاک بحریہ نے پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے جہاز داچنگ کا پرتپاک استقبال کیا، جو چوتھی دو طرفہ مشق ’سی گارڈین‘ میں شرکت کے لیے 25 مارچ سے 2 اپریل 2026 تک پاکستان میں قیام کرے گا۔
جہاز کی کراچی آمد پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ استقبال کیا گیا، جبکہ پاک بحریہ کے جہازوں نے اسے بندرگاہ تک باقاعدہ طور پر اسکورٹ بھی کیا، جو دونوں بحری افواج کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
’سی گارڈین‘ مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان سمندری مہارت کے تبادلے کو فروغ دینا اور آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا ہے، جو خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
مشقوں کے دوران بندرگاہ اور کھلے سمندر دونوں میں مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی، جن میں ماہرین کے اجلاس، نوجوان افسران کے سیمینار، گنری فائرنگ، مشترکہ گشت اور دیگر سمندری سیکیورٹی آپریشنز شامل ہوں گے۔
یہ مشقیں پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی و اسٹریٹجک تعلقات کی عکاس ہیں، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم ہوگی اور خطے میں سمندری ماحول کے استحکام میں بھی مدد ملے گی۔