اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کی صورتحال پر بند کمرہ اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں جاری کشیدگی اور حالیہ حملوں پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اجلاس نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق جمعے کی صبح 10 بجے منعقد ہوگا، جس میں رکن ممالک ایران سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ایران میں شہری تنصیبات پر حملوں کے بعد روس نے اس اجلاس کو بلانے کی درخواست کی تھی، جسے منظور کرتے ہوئے سلامتی کونسل نے فوری اجلاس طلب کیا۔
دوسری جانب ایران میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے جاری ہیں، جن کے باعث مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قم شہر میں تین گھروں پر ہونے والے فضائی حملوں میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ تہران میں پاکستانی سفارت خانے اور سفیر کی رہائش گاہ کے قریب بھی بمباری کی گئی ہے۔