بھارتی ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ اداکارہ اور ماڈل ہرشل کالیا جے پور میں پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں، جس نے شوبز حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ پیر کی رات تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جب ہرشل کالیا کام سے واپس گھر جا رہی تھیں اور اسی دوران ان کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے الٹ گئی۔
رپورٹس کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور کئی قلابازیاں کھاتے ہوئے دور جا گری، جس کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر مدد فراہم کرتے ہوئے گاڑی کو سیدھا کیا اور اداکارہ کو باہر نکال کر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا۔
تاہم سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا، جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
واضح رہے کہ ہرشل کالیا ویب سیریز ’کرائم نیکسٹ ڈور‘ میں اداکاری کر چکی تھیں، اس کے علاوہ وہ ایک نیوز چینل میں اینکر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی تھیں اور مختلف راجستھانی گانوں میں مرکزی کردار ادا کر چکی تھیں، جبکہ حالیہ عرصے میں وہ ماڈلنگ کے شعبے میں سرگرم تھیں۔