امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے عندیے کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں 3.3 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مارکیٹ میں مثبت رجحان واضح نظر آیا۔
ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 4 ہزار 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 1 لاکھ 53 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح سے تجاوز کر گیا۔
بین الاقوامی سطح پر بھی مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی، جہاں جاپان کا نکئی انڈیکس 4 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 6 فیصد سے زائد بڑھ گیا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں برینٹ خام تیل 118 ڈالر سے کم ہو کر 106 ڈالر فی بیرل پر آ گیا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 103 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔
اسی طرح یو اے ای مربن خام تیل کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 121 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے، جو مارکیٹ میں مختلف رجحانات کی عکاسی کرتا ہے۔