پاکستان میں اندرونِ ملک اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے آج مجموعی طور پر 62 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے مسقط، دبئی، شارجہ، دمام، ریاض اور بغداد جانے والی 16 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے بین الاقوامی سفر متاثر ہوا ہے۔
اسی طرح لاہور سے ابوظبی، مدینہ، فجیرہ، دبئی، شارجہ اور ریاض کی 11 پروازیں بھی منسوخ ہو گئی ہیں، جبکہ اسلام آباد سے فجیرہ، دمام، استنبول، کابل، ابوظبی، کویت اور شارجہ کی 15 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملتان سے دوحہ اور دبئی کی 4 پروازیں آج شیڈول کے مطابق روانہ نہیں ہو سکیں، جبکہ پشاور سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور فجیرہ کی 10 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں اسلام آباد سے گلگت کی 4 اور کراچی کی 2 پروازیں بھی منسوخ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس سے اندرونِ ملک سفر بھی متاثر ہوا ہے۔