پاکستان سپر لیگ 4 کے پلے آف مرحلے کا آغاز آج سے ہوگا، ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج مدمقابل ہوں گی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج شام 7 بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کوالیفائر کا زبردست ٹاکرا ہوگا۔
ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 7،7 میچز جیت چکی ہیں اور دونوں کے پاس 14 پوائنٹس ہیں جب کہ اسکور بورڈ پر پشاور زلمی سرفہرست ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا دوسرا نمبر ہے۔
آج کامیاب ہونے والی ٹیم براہراست فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گی جب کہ شکست کا سامنا کرنے والی ٹیم کے پاس ایونٹ میں رہنے کے لیے ایک اور موقع ہوگا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی میں سے جو بھی ٹیم آج شکست کا شکار ہوگی وہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن ایونٹ کے بہترین بلے باز ہیں جو اب تک 44.00 کی اوسط سے 352 رنز بنا چکے ہیں اس کے علاوہ عمر اکمل بھی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں جن کے 255 رنز اسکور ہوچکے ہیں جب کہ احمد شہزاد نے صرف 6 میچوں میں 252 رنز بنا رکھے ہیں۔
پشاور زلمی بولر حسن علی 10 میچوں میں 21 وکٹ کی ساتھ پہلے نمبر پر کھڑے ہیں جب کہ بلے باز کامران اکمل 11 میچوں ایک سنچری کے ساتھ 353 رنز بناچکے ہیں تاہم شائقین کو دونوں ٹیمیوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔