حسن اسکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے حسن اسکوائر کے قریب یونیورسٹی روڈ پر 12 منزلہ عمارت کی چوتھی منزل پر آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں، آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق متعدد افراد جان بچانے کے لیے عمارت کی چھت سے رسی کے ذریعے نیچے اترے جب کہ کئی افراد اب بھی عمارت کی چھت پر جمع ہیں۔
عمارت میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے 4 فائر ٹینڈر اور 2 اسنارکل موقع پر پہنچ گئی ہیں، ایم ڈی واٹربورڈ کا کہنا ہے کہ پانی سے بھرے متعدد ٹینکرز فوری آتشزدگی کے مقام پر روانہ کیے جارہے ہیں اور ہائیڈرنٹس سیل کے افسران کو بھی آتشزدگی کے مقام پر روانہ کیا جارہا ہے۔
پولیس نے عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں افراد عمارت سے چھلانگ لگانے کے دوران جاں بحق ہوئے، پولیس کے مطابق نور ٹریڈ سینٹر 12 منزلہ عمارت ہے اور پوری عمارت کمرشل ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو آگ پر قابو پانے کیلیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔