وزیراعظم عمران خان 21 اپریل کو ایران کا دورہ کریں گے ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان ایرانی صدر سمیت ایران کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم بھارتی جارحیت پر بھی ایرانی صدر کو آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان ایران کے صدر کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔
یا درہے گزشتہ برس اگست میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد کا پیغام پیش کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے، ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہشمند ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ خطے میں صورتحال نہایت حساس ہے، ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔
عمران خان نے ایرانی صدر کی جان سے تہنیتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، پاکستانی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا پی ٹی آئی کا اہم ترین ہدف ہے۔