وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ہم چین کے شراکت دار ہیں۔
بیجنگ میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر لیڈرز گول میز کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ اور ان کی حکومت کا بہترین میزبانی پر شکر گزار ہوں، جمہوریہ چین کی 70 ویں سالگرہ پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ چین جدید دور میں کامیابی کی عظیم مثال ہے، چین نے پائیدار ترقی ، معاشرتی اور عوامی زندگیوں میں واضح تبدیلی پیدا کی، یہ عظیم تبدیلی چینی قیادت کے وژن اور عوام کی محنت سے ممکن ہوئی، صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ کاوژن پیش کیا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ وژن سے معیشت کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہوگی، رکاوٹیں ختم ہوں گی اورعوام قریب آئیں گے۔ بیلٹ اینڈ روڈ کے ذریعے رابطوں کو مزید بڑھانا ہو گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کے لیے بڑی تبدیلی کا باعث ہے، یہ ریل اور توانائی منصوبوں کے ذریعے خوشحالی کا منصوبہ ہے، شاہراہیں بنائی جارہی ہیں، ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، توانائی منصوبے، بندرگاہیں اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے جارہے ہیں، گوادر بندرگاہ خطوں کو آپس میں منسلک کرے گی اور چینی کمپنیوں کے لیے لاگت کم کرے گی۔