وزیر اعظم عمران خان کے ترجمان اور معاون خصوصی ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو حکومت میں آئے 8 ماہ ہوئے ہیں تو اس سے 30 سال کا حساب نہ مانگا جائے۔
سرگودھا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا کہ اس وقت سیاسی لحاظ سے ملکی حالات گھمبیر ہیں،ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنا سیاست نہیں ہے، تمام پارٹی کے سیاسی ورکرز سے اپیل ہے مہذب زبان استعمال کریں۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ اپوزیشن صرف اتنا بتا دے کہ ہم نے اتنا قرضہ لیا اور اسکی وجوہات کیا تھی، ماضی میں ایل این جی، تیل اور دیگر اشیاء کے مہنگے سودے کیے گئے، پاکستانی عوام کے بجائے دنیا کی شرائط پر سودے کیے گئے، جب کہ انٹر نیشنل مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوررہا ہے اس لیئے مجبوراً مہنگا کرنا پڑا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام ایسا لانا چاہ رہے ہیں جس میں تمام پارٹیاں راضی ہوں۔
ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزراء کی تبدیلیاں جمہوریت کا حسن ہے اور ہر حکومت میں ایسا ہوتا ہے، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بہت اچھا کام کر رہے ہیں لیکن عمران خان کا فیصلہ سب کو منظور ہوگا، جب عمران خان کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے تو کسی ادارے کو بھی ایسا نہیں کرنا چاہیے، کسی سے انتقام نہیں لیا جارہا بلکہ احتساب ہورہا ہے، نیب کو عدل کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔