وزارت داخلہ نے اسلام آباد ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کے احتجاج کا معاملہ پر بھی بات کی گئی۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی، ایس ایس پی، سیکٹر کمانڈر رینجر، چیف کمشنر اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ کے افسران، تمام زون کے پولیس ایس پیز نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج اور راستوں کی بندش کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو کسی صورت ڈی چوک تک نہیں آنے دیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو روکنے کے لئے دیگر صوبوں سمیت کشمیر سے بھی پولیس نفری طلب کی جائے گی۔