اداکار شان شاہد روپے کی ریکارڈ بے قدری کی وجہ سے ڈالر کے بائیکاٹ کے لیے میدان میں آگئے۔
اداکار شان نے ٹویٹر پر ڈالر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی روپیہ خریدا جائے خواہ چھوٹی رقم ہی کیوں نہ ہو اس سے شروعات کی جائے، مثلاً 50، 100 یا 1000 ڈالر سے شروع کرتے ہوئے اس کے بدلے پاکستانی روپے حاصل کریں اور اس موقع پر کوئی سوال نہ کریں کیونکہ یہ ایک مشترکہ مسئلہ ہے جو اب خطرہ بن چکا ہے، ہم ایک دوسرے سے عدم اتفاق کرتے ہیں تو کوئی بات نہیں لیکن اپنے مستقبل اور بقا پر ہمیں ایک ہونا چاہیے۔
شان نے یہ بھی کہا کہ ہماری کرنسی ہمارا فخر ہے ہم پر جو معاشی حملے ہورہے ہیں وہ ہماری آزادی اور زندہ رہنے کے حق کے لیے ایک چیلنج ہیں اس جنگ میں ہمیں معاشی سپاہی بن کر اپنے روپے کا دفاع کرنا ہے۔
شان نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں سے اس ہیش ٹیگ #buybackpakRs کے ذریعے یہ اپیل کی جاتی ہے ڈالر واپس دیں اور پاکستانی رقم لیں خواہ اس کی تعداد تھوڑی ہی کیوں نہ ہو اس پیغام کو شیئر کرکے آگے بڑھائیں۔
واضح رہے کہ ڈالر کی اونچی اُڑان کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ڈالر کے بائیکاٹ کے لیے مہم جاری ہے جب کہ کئی لوگوں کی جانب سے ڈالر جلانے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر دیکھی گئی ہیں۔