باب المدینۃ العلم، معدن الحلم، شیر خدا سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
حضرت علی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچا زاد بھائی ہیں جنہوں نے بچپن ہی سے تربیت صحن بیت النبی میں پائی، یہی وجہ تھی کہ انتہائی کم عمری میں آپ نے اسلام قبول کیا۔
حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے ایک طویل مدت تک اہلِ ایمان کے قلوب و اذہان کو قرآن و حدیث اور علم و عرفان سے فیض یاب فرمایا۔
اسلام کی راہ میں آخر عمر تک کفار سے برسرِپیکار رہے اور دین اسلام کی بے مثال تبلیغ اور ہر قدم پر اپنے سابق خلفائے راشدین اور صحابۂ کرام کی ہر ممکن رہنمائی فرمائی۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک بھر میں آج جلوس نکالے جارہے ہیں۔
ملک بھر میں جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔