بالی ووڈ اداکار و پروڈیوسر ارباز خان نے کہا ہے کہ فلم’’دبنگ‘‘میں چلبل پانڈے کے کردار کے لیے سلمان خان پہلی چوائس نہیں تھے بلکہ ہدایت کار اس کردار کے لیے عرفان خان یا رندیپ ہڈا کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ارباز خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’’دبنگ‘‘ میں چلبل پانڈے کے کردار کے لیے سلمان خان ہدایت کار کی پہلی پسند نہیں تھے۔ ارباز خان نے کہا فلم ’’دبنگ‘‘ کے سلسلے میں ان کی ملاقات ہدایت کار ابھینوکیشپ سے ہوئی انہوں نے مجھے فلم کا اسکرپٹ پڑھ کر سنایا تو میں نے ان سے کہا آپ مجھے فلم میں روبن ہوڈ پولیس والے کا مرکزی کردار کیوں نہیں دے رہے؟
جس پر ابھینو نے کہا کہ انہیں مجھ میں چلبل پانڈے سے زیادہ مکھی نظر آرہا ہے۔ (ارباز خان نے فلم میں چلبل پانڈے کے بھائی مکھی کا کردار ادا کیا تھا)۔ جب کہ فلم کے مرکزی کردار کے لیے وہ اداکار عرفان خان یا رندیپ ہڈا کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن ان سے معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔
ارباز خان نے کہا انہوں نے ابھینو کو فلم پروڈیوس کرنے کی پیشکش کی اور چلبل پانڈے کے کردار کے لیے سلمان خان کا نام تجویز کیا، جس پر ابھینو پُرجوش ہوگئے اور اس طرح سلمان خان کو چلبل پانڈے کا کردار مل گیا۔
واضح رہے کہ کامیاب ترین فلم سیریز ’’دبنگ‘‘ کے تیسرے حصے ’’دبنگ 3‘‘ کی شوٹنگ جاری ہے۔ پہلی دو فلموں کی طرح اس بار بھی فلم میں سلمان خان اور سوناکشی سنہا مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم رواں سال کے آخر میں 20 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔