فوجی عدالت نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر حاضر سروس میجر کا کورٹ مارشل کرتے ہوئے عمر قید کی سزا سنادی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سزا کی توثیق بھی کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالت نے حاضر سروس میجر کو اختیارات کے ناجائز استعمال کا مرتکب قرار دیا۔ میجر کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل ہوا اور پاک فوج نے جرم ثابت ہونے پر میجر کو ملازمت سے برطرف کرتے ہوئے عمر بھر کیلئے جیل بھیج دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حاضر سروس میجر کی سزا کی توثیق کردی۔
مئی میں بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے 2 افسران سمیت 3 افراد کی سزا کی توثیق کی تھی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کو 14 سال قید بامشقت جب کہ بریگیڈیئر (ر) راجہ رضوان اور حساس ادارے کے ملازم ڈاکٹر وسیم اکرم کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ان مجرموں پر ملک کے ساتھ غداری، حساس راز و معلومات غیرملکی ایجنسیوں پر افشاں کرنا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام ثابت ہوا تھا۔