جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی۔
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں کی گئی ۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آرمی چیف نے یادگارشہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، تقریب میں بگل بجائے گئے اورشہداء کو سلامی پیش کی گئی۔
یوم دفاع وشہداء کی تقریب میں غیرملکی سفارت کار، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہیں۔ تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہوکر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہل خانہ کے مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔