وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا کے سامنے کشمیریوں کے ظلم وستم دکھانے اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لئے جمعے کو مظفر آباد میں بڑا جلسہ کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ہفتے تیرہ ستمبر بروز جمعۃ المبارک کو آزاد کشمیر میں مظفر آباد کے علاقے میں ایک بڑے عوامی اجتماع سےخطاب کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں غاضب بھارتی افواج کی جانب سے جاری محاصرے سے متعلق دنیاکو آگا ہ کریں گے اور کشمیریوں کو پیغام دیں گے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
غاصب بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے جاری محاصرے کے بارے میں دنیا کو پیغام بھجوانے اور اہل کشمیر کو یہ دکھانے کیلئے کہ پاکستان پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑا ہے، میں 13 ستمبر بروز جمعۃ المبارک مظفر آباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کروں گا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 11, 2019
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی پابندیاں ،کرفیو اور کریک ڈاون مسلسل 38 ویں روز بھی برقرار ہے۔ بھارت کی قابض سیکورٹی فورسز نے سوپور میں محاصرے کے دوران فائرنگ کرکے ایک کشمیری کو شہید کردیا۔