وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے شرکت کی، اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء کو صوبہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں متعارف مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خد وخال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا ہے، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی جب کہ ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فنڈز کی امتیازی تقسیم اور مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی روک تھام ممکن ہوگی، تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے عوام کو اہل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے اور با اختیار منتخب نمائندگان بلا رکاوٹ تعمیر و ترقی کے کام کر سکیں گے۔