ایف بی آر نے تمباکو مصنوعات میں 70 ارب روپے سے زائد کی سالانہ ٹیکس چوری روکنے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے اطلاق کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے پر چیئرمین ایف بی آر نے سگریٹ تیار کرنے والی کمپنیوں کا مشاورتی اجلاس آج طلب کیا ہے، اجلاس میں تمباکو مصنوعات سے رواں مالی سال 150 ارب روپے کی وصولیوں کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمباکو مصنوعات میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا اطلاق کرے گا، جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے اطلاق سے سگریٹ کے شعبے میں ٹیکس چوری کا خاتمہ کردیا جائےگا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سگریٹ پیکٹ پر لگی ہوئی اسٹیپ سے اس کی ٹیکس ادائیگی کا پتہ لگایا جاسکےگا، سگریٹ کے بعد حکومت سوڈا بوٹلنگ اور چینی کے شعبوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا اطلاق کرنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں غیرقانونی سگریٹ کاروبار کی مالیت 50 ارب روپے سالانہ سے زائد ہے۔