کراچی سمیت سندھ بھر میں کھلے مقامات کچرے پھینکنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پبلک مقامات پر پان تھوکنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں کھلے مقامات، سڑکوں، گلی، محلوں اور ساحل پر کچرا پھینکنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جب کہ محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھروں کے باہر کچرا پھینکنا ممنوع قرار اور قابل سزا جرم تصور ہوگا، تعمیراتی ملبہ سڑکوں پر پھینکنے اور ممنوعہ جگہ پر پان تھوکنا بھی قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے، گاڑی سے باہر کچرا پھینکنے والے شخص کو پولیس گرفتار کرسکتی ہے اور اسے جیل میں بند کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 نوے روز کے لئے عائد کی گئی ہے اور اس پر پابندی کا اطلاق فوری اور صوبے بھر میں ہوگا۔