سماجی رابطے کی سب سے بڑی ایپ واٹس ایپ نے جَلد سیلف ڈسٹرکٹیو میسج (Self Destructive Message) یعنی بھیجا جانے والا پیغام خود ہی غائب ہونے کے فیچر کو متعارف کا اعلان کیا ہے جو ابھی آزمائش کے مرحلے میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ آئے دِنوں نئے نئے فیچرز متعارف کروارہا ہے، کمپنی اِس وقت ایک ایسے فیچر کو آزما رہی ہے جس میں صارف کی جانب سے بھیجا جانے والا پیغام خود ہی غائب ہوجائے گا۔
ایپ کا یہ فیچر اِس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے جب کہ اِسے متعارف کرانے کا مقصد صا رفین کی گفتگو کی رازداری کو بہتر بنانا ہے، نئے فیچر میں بھیجا جانے والا پیغام ’چیٹ وِنڈو‘ سے خود ہی غائب ہوجائے گا جس کی وجہ سے لوگوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی رازداری محفوظ ہوجائے گی۔
اس فیچر میں سب سے پہلے صارف اپنے اسمارٹ فون میں اس فیچر کو ’اِن ایبل‘ کریں گے جس کے بعد وہ پیغامات غائب ہوجانے کا وقت اپنی مرضی کے مطابق چُنیں گے، اس کا مطلب یہ ہے کہ صارف کسی کو بھی پیغام بھیجے گا اور وہ پیغام اُس وقت کے بعد خود ہی غائب ہوجائے گا جووقت آپ نے چُنا ہوگا۔
صارفین اس فیچر کے آنے کے بعد پیغام کا اسکرین شاٹ لےکر آگے نہیں بھیج سکیں گے۔فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اس میں صارف کے پاس میسج غائب کرنے کا وقت فی الحال 5 سیکنڈ اور ایک گھنٹے کا ہے جب کہ یہ ’گروپ چیٹ‘ کے لیے بھی ہوگا اور وہاں بھیجے جانے والی پیغامات بھی غائب ہوجائیں گے۔
کمپنی کی جانب سے ابھی اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر واٹس ایپ کے آئی-او ایس یا اینڈرائڈ صارفین دونوں کے لیے ہے یا نہیں، جب کہ فیچر کو متعارف کرانے کے حوالے سے کسی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔