مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مطالبات تسلیم کرنے کیلیے 3 دن کی مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 3دن میں جائز مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کی تاجر برادری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کر نے پر مجبور ہو جائیگی۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز اسلام آباد میں نئے ٹیکسز اور معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر کنونشن ہوا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے تاجر رہنماؤں نے حکومت اور ایف بی آر کی معاشی پالیسیوں پر زبردست تنقید کی، بعد ازاں مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری اور چیئر مین خواجہ سلیمان صدیقی، سید عبدالقیوم آغا کی قیادت میں میلوڈی سے ایف بی آر کی طرف تحفظ معیشت مارچ کیا گیا جسے انتظامیہ نے نادرہ چوک پر روک دیا جہاں پر تاجروں نے دھرنا دیا۔
اس موقع پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے تاجر رہنماؤں سے مذاکرات کیے۔ ایف بی آر کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد کاشف چوہدری نے کہا ہم ایف بی آر کو 3 دن کا ٹائم دے رہے ہیں اگر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کی تاجر برادری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کر نے پر مجبور ہو جا ئے گی۔