ہانگ کانگ کی کمپنی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز نے کراچی پورٹ پر 24 کروڑ ڈالر (37 ارب 45 کروڑ 20 لاکھ روپے) کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے وزیر اعظم عمران خان نے کمپنی کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کے ایم ڈی ارک لپ کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر بحری امورعلی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ذوالفقار بخاری، سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر حیدر گیلانی اور دیگر حکام موجود تھے۔
ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز گروپ کے ایم ڈی ارک اپ نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس سرمایہ کاری سے کراچی پورٹ پر نئے کنٹینر ٹرمینل کی استعداد میں اضافہ ہوگا، مذکورہ تازہ سرمایہ کاری سے ہماری پاکستان میں سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس سرمایہ کاری سے ہوچی سن میں ملازمین کی تعداد میں بھی 3 ہزار تک اضافہ ہوگا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کی ترقی، اس کی پیرنٹ کمپنی سی کے ہوچی سن ہولڈنگز اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے گروپ کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
مزید براں وزیر اعظم کو کراچی کی بندرگاہ کی ترقی کے ذریعے اسے ایشیاء میں تجارت کا مرکز بنانے کے حوالے سے تعاون کی تفصیلات بتائی گئیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان کی اقتصادی خوشحالی کے لیے اس کے عزم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے سلسلے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور کاروبار کو آسان بنانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
اس موقع پر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ کرنسی کی قدر اور برآمدات میں اضافے کے نتیجے میں کنٹینر ٹرمینلز کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے برآمدی مسابقت میں مدد مل سکے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ اور قومی خزانے کے لیے زیادہ ریونیو حاصل ہوگا۔
واضع رہے کہ ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز دنیا کی سب سے بڑی پورٹ کمپنی ہے جس کے 30 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور یہ کمپنی ایشیاء، مشرق وسطیٰ، افریقا، یورپ، امریکا اور آسٹریلیا سمیت 27 ممالک میں 52 بندر گاہوں اور ٹرمینلز پرخدمات انجام دے رہی ہے۔