وزیراعظم عمران خان نے بارش اور بدلتے موسم میں آزادی مارچ کے شرکاء کی مدد کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کواحکامات جاری کردیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے سی ڈی اے چیئرمین کو فوری طور پر دھرنا سائٹ کا دورہ کرنے کے احکامات جاری کیے اور آزادی مارچ کے شرکاء کو امداد بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے معلوم کریں کہ دھرنے کے شرکاء کی بارش، بدلتے موسم میں کیا مدد کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے شرکاء کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے ساتھ تیزہوا ؤں کے سبب مارچ کے شرکاء کے کئی عارضی خیمے اُکھڑ گئے ہیں،جبکہ متعدد شرکاء نے رات میٹرو اسٹیشن میں گزاری ہے۔