سابق وزیراعظم اور قائد نون لیگ نواز شریف علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوگئے ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے انہیں چار ہفتے کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ (ن) قطر ایئرویز کی ایئر ایمبولینس اے سیون ایم ای ڈی کے زریعے دوحا سے براستہ لندن روانہ ہوئے، ان کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف،عابد اللہ جان اور محمد عرفان بھی لندن روانہ ہوئے۔
نواز شریف کی لندن روانگی سے قبل مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے بیان جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ایئرایمبولینس میں آئی سی یو، آپریشن تھیٹرکی سہولت موجودہے جبکہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے کیلئے انہیں سٹیرائیڈزکی ہائی ڈوزاورادویات دی گئی۔
قائد مسلم لیگ (ن) کو الوادع کرنے کے لئے خصوصی طور پر مریم نواز ،کیپٹن (ر) صفدر اور جنید صفدرلاہور ایئرپورٹ پہنچے اس کے علاوہ لیگی کارکنان کے جم غفیر نے نواز شریف کو الوداع کہا،اس موقع سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،پولیس کی بھاری نفری ایئر پورٹ پر تعینات تھی اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ کا عمل جاری رہا۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو حج ٹرمینل تک الوداع کرنے کیلئے (ن) لیگ کے 21 رہنماﺅں اجازت دی گئی تھی،ان میں راجہ ظفرالحق،احسن اقبال،خواجہ آصف،ایازصادق،مریم اورنگزیب،خرم دستگیراوردیگرشامل تھے۔