الیکشن کمیشن کے سربراہ اور دو ارکان کے تقرری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا، سندھ سے الیکشن کمیشن کےرکن پر اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر اور ممبر الیکشن کمیشن کی تقرری پر پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر شیریں مزاری کی صدارت میں ہوا تھا۔
اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن نے ایک ایک نام دونوں طرف سے لینے پر اتفاق کیا گیا،ابتدائی طورپر ایک نام بلوچستان کی طرف سے حکومت کے حصے میں آیا،جس کے لئے میر نوید جان بلوچ کے نام پراتفاق ہوا تھا جبکہ سندھ سے نام فائنل کرنے کے سلسلہ میں اپوزیشن اختلافات سے دو چار ہوئی،جس پر اجلاس کل تک ملتوی کیا گیا۔
دوسری جانب رات گئے اسلام آباد میں اکرم درانی کی رہائش گاہ پر رہبر کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں اکرم درانی،ایاز صادق،شاہ اویس نورانی،ملک ایوب،نیئرحسین،میاں افتخار حسین اور دیگر رہنماء شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر آج سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے پر اتفاق نہیں ہو سکاتھا،رہبرکمیٹی الیکشن کمیشن کے معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے پر مزید غور کرئے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری سے متعلق امور پر حکمت عملی طے کرلی گئی ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سندھ کے لئے ممبر کے نام کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔
اپوزیشن آج پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں رہبر کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرئے گی،اجلاس کے بعد اکرم درانی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج دو بجے رہبر کمیٹی کے فیصلوں کی تفصیلات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔