کراچی :سندھ میں لاک ڈاؤن سے متعلق صوبائی محکمہ داخلہ نے حکم نامہ جاری کردیا، لانڈری شاپس، پلمبر، بڑھئی کی دکانوں کو کھولنے جبکہ تعمیراتی صنعت کو مشروط، محدود سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے لاک ڈاؤن میں توسیع سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا اطلاق 30 اپریل تک ہوگا۔
تعلیمی اداروں، عوامی مقامات، شاپنگ سینٹرز اور سنیما سمیت تمام مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے اور ریسٹورنٹس سے کھانا گھرلےجانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی تاہم ہوم ڈیلوری کی اجازت ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق صوبے میں مساجد اورعبادت گاہوں میں کسی بھی قسم کے مذہبی اجتماعات اور مزارات پر پابندی ہوگی اورتمام قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی، لاک ڈاؤن کے دوران جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ تمام شہریوں کیلئے شام 5 سے صبح 8 بجے تک گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی اور اس دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کچھ شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس میں وفاق کی جانب سے مستثنیٰ قراردیےگئے شعبے شامل ہیں تاہم کھلنے والے تمام شعبوں اور صنعتوں کیلئے ایس او پی جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، ایکسپورٹس اور لوکل سافٹ وئیر ڈیولپمنٹ پروگرامنگ، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز،لانڈری ، ڈرائی کلیننگ، پودوں کی نرسری، زراعت کی مشینری اور آلات بنانے والی انڈسٹری، شیشہ انڈسٹری، جانوروں کے اسپتال، ایکسپورٹس انڈسٹری بھی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔