اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 17 افراد وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، ملک میں وائرس کی وجہ سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 17 اموات واقع ہوئیں، جب کہ اس دوران کورونا وائرس کے 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے 7 ہزار 384 مریض زیر علاج ہیں، اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے 2156 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ زیر علاج مریضوں میں 58 کی حالت تشویش ناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 80 ہوگئی ہے، سندھ 66، پنجاب 51، بلوچستان میں 6 جب کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 3،3 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 4328 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں 3053، خیبرپختونخوا 1345، بلوچستان 495، گلگت بلتستان میں 283، اسلام آباد میں 194 جب کہ آزادکشمیر میں کورونا وائرس کے 51 کیسز سامنے آچکے ہیں۔