واشنگٹن:امریکی کمپنی سورینٹو تھراپیوٹک نے کورونا وائرس کے خلاف 100 فی صد موثر اینٹی باڈی بنانےکا دعویٰ کیا ہے۔
سورینٹو تھراپیوٹک کا دعویٰ ہے کہ ان کی تیار کردہ اینٹی باڈی نے کورونا وائرس کو انسانی خلیے میں داخل ہونے سے روک دیا۔
امریکی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مہینے میں اینٹی باڈی کی 2 لاکھ ڈوز تیار کر سکتے ہیں۔
دوا کی تیاری کے لیے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو درخواست بھی دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی ویکسین کی جلد از جلد تیاری کے لیے آپریشن راپ اسپیڈ کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد از جلد ویکسین لانے کے لیے نہ صرف پرعزم ہیں بلکہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کو اس ضمن میں بہت جلد اہم نتائج حاصل ہونے والے ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت دیگر ممالک کے ساتھ ملک کر کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے آپریشن راپ اسپیڈ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد بڑی تعداد میں اور جلدی ویکسین کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ کوشش ہے کہ اس سال کے اختتام سے پہلے ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرلی جائے اور اس طرح کام کو منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے۔
امریکی اور برطانوی سائنسدانوں و ڈاکٹروں نے آزمائشی طور پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تیارکی جانے والی ویکسین کا چھ بندروں پہ تجربہ کیا ہے۔