راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے اور وہ دو ہفتے کیلئے قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
ترجمان وزارت ریلوے کے مطابق شیخ رشید احمد کو بظاہر کورونا کی علامات نہیں ہیں تاہم وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ ان کے سیکرٹری کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔
وزیرریلوے نے بتایا کہ کورونا وائرس کی کوئی علامات تو نہیں ہیں لیکن وہ خود کو گھر میں آئسولیٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ہفتے بعد دوبارہ اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے آئیسولیٹ کرلیا ہے۔
گزشتہ روز اسی جماعت کے رہنماؤں خواجہ سلمان رفیق اور سیف الملوک کھوکھر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کےصدرانجینئرامیر مقام میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔