کراچی: سندھ حکومت اپنے آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کرے گی۔
سندھ کے نئے مالی سال 21-2020 کا بجٹ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پیش کریں گے۔
بجٹ میں سندھ حکومت کے سرکاری ملازمین کی مالی مراعات میں اضافےکی تجویز دی گئی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔
کورونا ایمرجنسی ریسپانس پروگرام کے لیے پانچ ارب روپے مختص کرنے اور این آئی سی وی ڈی کے لیے پانچ اعشاریہ ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ایس آئی یو ٹی کے لیے پانچ ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کی تجویز جبکہ ٹرانسپورٹ کا کوئی نیا منصوبہ بجٹ تجاویز میں شامل نہیں ہے۔ محکمہ صحت کی نئی اسکیمز کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
تعلیم کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 21 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ سندھ حکومت کا امن وامان کے لیے مختص بجٹ میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال میں پولیس، جیل خانہ جات سمیت امن وامان کا مجموعی بجٹ ایک ارب روپے سے کم ہو گا جبکہ سندھ کے بجٹ کا مجموعی حجم بارہ سو بیس ارب روپے تک ہو گا۔ سندھ حکومت نے کوئی ٹیکس تجویز نہیں کیا۔