خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ نے ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ قائم کردیا۔
فلموں کے حوالے سے مشہور صف اول کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق فلم ’دل بیچارہ‘ نے آن لائن ریلیز ہوتے ہی 10 میں سے 10 اسکور حاصل کرکے ریکارڈ قائم کرلیا۔
آئی ایم ڈی بی فلموں اور ڈراموں سے متعلق آئن لائن پلیٹ فارم ہے، بعد ازاں آئی ایم ڈی بی میں دل بیچارہ کے 50 ہزار ووٹ کے باعث ریٹنگ 9.8 پر آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کی فلم ریلیز کے ساتھ ہی دنیا کے بیشتر ممالک میں سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کے ٹرینڈ پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔
واضح رہے کہ دل بیچارہ کے ٹریلر نے بھی ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم کا ریکارڈ توڑا تھا۔
سوشانت سنگھ کی آخری فلم کے ٹریلر نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ قائم کرنے والی ہالی ووڈ فلم ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ فلم ’دل بیچارہ‘ کے ٹریلر کو یوٹیوب پر محض 24 گھنٹوں میں ہی 54 لاکھ سے زائد بار لائک کیا گیا جبکہ ’اوینجرز: اینڈگیم‘ کے ٹریلرکو اتنے ہی وقت میں 22 لاکھ سے زائد بار اور دوسرے ٹریلر کو ابتدائی 4 گھنٹوں میں 29 لاکھ سے زائد بار لائک یعنی پسند کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: سوشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر جاری
سوشانت کی فلم کے ٹریلر کا یہ ریکارڈ یوٹیوب پر پسندیدگی کے حوالے سے ہے کیونکہ ویوز کے لحاظ سے دیکھا جائے تو ’دل بیچارہ‘ کے ٹریلر کو 24 گھنٹوں میں ڈیڑھ کروڑ بار دیکھا گیا جبکہ اوینجرز: اینڈ گیم کے ٹریلر کو دیکھنے والوں کی تعداد 23 کروڑ رہی تھی۔
فلم دل بیچارہ 2014 میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’دی فالٹ ان آر اسٹار‘ کا ہندی ریمیک ہے، اس فلم میں سوشانت کے ہمراہ سنجنا سانگھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔