اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں تیز ہوا اور بارش سے گزشتہ چند روز سے جاری گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ کراچی میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت میں موجود ہوا کا کم دباؤ مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے، اس سسٹم کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں آئندہ تین روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔
اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں کل بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سندھ کے علاقے مٹھی اور پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں 26 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ سب سے زیادہ گرمی دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔