مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران 7افراد جاں بحق اور22زخمی ہوگئے۔
موٹروے ایم 2 پر خانقاہ کے قریب تیز رفتاربس ٹرالر کو اوور ٹیک کرتے ہوئے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 15 کے قریب شدید زخمی ہوگئے بس لاہور سے راولپنڈی جا رہی تھی، زخمیوں اور لاشوں کو ریسکیو نے شیخوپورہ ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا۔
رائے ونڈ کے علاقہ میں ٹرین اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے متوفی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد اسکے لواحقین کے حوالے کردی۔ پولیس کے مطابق رائیونڈ کے علاقہ ظفر کے پھاٹک سے لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین کے گزرنے پر پھاٹک بند کیا جا رہا تھا اس دوران ساجد میو نامی ڈرائیور نے ٹریکٹرٹرالی جلد میں گزارنے کی کوشش کی جس سے ٹرین کی ٹکر لگنے سے ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سامنے درخت میں جا لگی۔
جس کے باعث ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور ساجد میو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ہے۔ جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ ٹھٹھہ نستر کے قریب موٹروے پر تیز رفتار مسافر بس لاہور سے اسلام آباد جاتے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 13 سالہ عروبہ جانب حق جبکہ 7 افراد خالد اور عابد، خان زمرد، در نجف ، صائمہ اور شہزاد احمد شدید زخمی ہوگئے۔