وزیراعظم پاکستان عمران خان آج بدھ کے روز وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے اور اجلاس میں 172 افراد پر بیرون ملک سفری پابندیاں لگائے جانے کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
کابینہ اجلاس میں تمام وزرا اور مشیران شرکت کریں گے اور قومی و بین الاقوامی معاملات پر مشتمل 20 نکاتی ایجنڈے پر غور و مشاورت کی جائے گی۔
چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فہرست پر نظر ثانی کی ہدایت کی تھی اور آج کابینہ اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
پاکستان اور چین کے مابین سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے، یونین کونسل چیئرمینز کی رجسٹریشن اور غربت کے خاتمے کے لیے کوآرڈینشن کونسل کے قیام کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے آج نرسنگ کونسل کے ممبران کی تعیناتی کی ، دبئی ایکسپو کے لئے50 لاکھ ڈالر گرانٹ اور قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کی از سر نو شکیل کی منظوری دی جائے گی۔
غیر معیاری اسٹینٹس اور کراچی ٹرانسفارمیشن کے ٰلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہیں۔