رواں مالی سال میں وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے 90 ارب 63 کروڑ روپے روک لیے گئے، سندھ حکومت نے وفاق سے مالیاتی شیئر اور فنڈز روکنے کو سیاسی انتقام قرار دیدیا، معاملہ پارلیمان اور وفاق میں اعلٰی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
رواں مالی سال میں وفاق اور سندھ کے درمیان مالیاتی شیئر میں کٹوتی کی دستاویز سامنے آگئیں۔ 2018-19 کے پہلے 6 ماہ میں سندھ حکومت کو 332 ارب روپے ملنے تھے۔ وفاقی حکومت نے دسمبر تک صرف 241 ارب روپے سندھ کوٹرانسفر کیے، این ایف سی ایوارڈ کی مد میں سندھ کے 84 ارب روپے روکے گئے۔
وفاق اور سندھ کے درمیان مالیاتی شیئر میں کٹوتی کی دستاویز بھی سامنے آگئیں، جس کے مطابق وفاق نے او زیڈ ٹی کی مد میں 5854 ملین سندھ کو دئیے۔ رواں مالی سال سندھ کو مجموعی طور پر 665 ارب روپے کا مالیاتی شیئر ملنا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں بھی صوبوں کو مکمل مالیاتی شیئر نہیں ملا تھا۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے معاملہ پارلیمان اور وفاق میں اعلی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔