جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق کل سے شروع ہونے والے جوہانسبرگ ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں 5 بولرز اور 6 بیٹسمینوں کی شمولیت کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان فٹ شاہین شاہ آفریدی جوہانسبرگ ٹیسٹ میں شرکت نہیں کریں گے جب کہ اوپننگ بلے باز فخر زمان اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو بھی 11 رکنی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فہیم اشرف اور شاداب خان کی شمولیت یقینی ہے، شاداب خان یاسر شاہ کی جگہ لیں گے تاہم محمد رضوان کی شمولیت کی امکانات معدوم ہوچکے ہیں۔
جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کو فاسٹ بولنگ اٹیک محمد عامر، محمد عباس، حسن علی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہوگا جب کہ شاداب خان اسپن بولنگ کا خلا پورا کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی بیٹنگ لائن میں امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد شامل ہوں گے۔