کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق پانی کے معاملے پر سندھ سے مسلسل ناانصافی کر رہا ہے جب کہ ارسا نے بھی سندھ سے ناانصافی کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی پانی کے معاملے پر سندھ کے ساتھ زیادتی ہوتی رہی ہے جب کہ ارسا کا پانی کی تقسیم کا نظام ہی غلط ہے۔ پانی کے معاملے پر صرف بلوچستان نے سندھ کا ساتھ دیا ہے۔
ڈیمز سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی ثابت کر دے کہ بے نظیر کے دور میں کالا باغ ڈیم کے لیے پیسے رکھے گئے تھے یا میں بتاؤں کہ کب کالا باغ ڈیم کے لیے پیسے رکھے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ باب السلام ہے اور پاکستان بنانے کی قرار داد سب سے پہلے سندھ اسمبلی سے ہی منظور ہوئی تھی۔ پیپلزپارٹی میں دراڑ ڈالنا تو دور کی بات کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا جب کہ 2018 میں عوام نے پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں دی ہیں۔