اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کو اسلام آباد کی حدود سے باہر لے جانے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو ساڑھے 5بجے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ساڑھے 5 بجے صنم جاوید کو پیش کریں۔ قبل ازیں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی
آئی) کی رہنما صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ راہداری ریمانڈ منظور ہونے کے بعد صنم جاوید کو بلوچستان منتقل کیا جائے گا، صنم جاوید کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس نے بلوچستان پولیس کی معاونت کی تھی۔
واضح رہے کہ صنم جاوید مئی 2023 میں درج مقدمے میں بلوچستان پولیس کو مطلوب ہے،صنم جاوید کے خلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔مقدمہ اقدام قتل دہشت گردی سمیت 15 دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان نے سرکاری املاک اور قیدی وین کو آگ لگا کے نقصان پہنچایا تھا،بلوچستان پولیس نے گرفتاری کیلئے وفاقی پولیس سے مدد مانگی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
عدالت نے صنم جاوید کے وکلا کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرلی تھی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہوگئی تھیں تاہم کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد کی رمنا پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔