پاک سوزوکی موٹرز کمپنی نے افغانستان، بنگلہ دیش کو گاڑیاں برآمد کرنا شروع کر دیں.
رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سوزوکی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے انہیں دوسرے ممالک میں نمائش کرنا ضروری ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین، سی ای او ای ڈی بی خدا بخش، وفاقی سیکرٹری صنعت وپیداوار سیف انجم، منیجنگ ڈائریکٹر وسی ای او پاک سوزوکی ہیروشی کاوامورا سمیت دیگر مہمان شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک سوزوکی کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز شفیق احمد شیخ نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔
سی ای او پاک سوزوکی ہیروشی کاوامورا نے بنگلہ دیش اور افغانستان کو گاڑیاں برآمد کرنے کے حوالے سے پاک سوزوکی کے اہم سنگ میل عبور کرنے پر روشنی ڈالی۔ پاک سوزوکی موٹرز کی طرف سے 25 لاکھ گاڑیوں کی پیداوار کا تاریخی سنگ میل حاصل کرنے کا بھی اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ کمپنی کے ملازمین، ڈیلرز، سپلائرز اور حکومتی پالیسیوں کی تعریف بھی کی گئی۔
رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب میں پاک سوزوکی موٹرکمپنی کو 25 لاکھ گاڑیوں کی پیداوار کا سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معیار پرسمجھوتہ کیے بغیر سستی قیمت برقرار رکھنے پر انتظامیہ کا کردار لائق تحسین ہے۔ پاک سوزوکی موٹرز کا معیار ہمارے ہمسایہ ملکوں میں کام کرنے والی کمپنیوں سے بہتر ہے اور ان کی گاڑیوں کی قیمت بھی کم رکھی گئی ہے۔
رانا تنویر حسین نے افغانستان وبنگلہ دیش سمیت دیگر ملکوں کو گاڑیاں برآمد کرنے میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہوئے ملکی اقتصادی ترقی وموٹرانڈسٹری میں شراکت کے کردارکو تسلیم کیا اور کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے سوزوکی مصنوعات کی دیگر ملکوں میں نمائش کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ انڈس موٹر کمپنی نے بھی اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے گزشتہ روز پاکستان میں گاڑیاں بنا کر برآمدات شروع کی تھیں جس کا اعلان پورٹ قاسم اتھارٹی میں موجود اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں تقریب کے دوران کیا گیا تھا۔
رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ انڈس موٹرز کو برآمدات میں حصہ ڈالتے ہوئے دیکھا فخر کا باعث ہے، گاڑیوں کی برآمد کی حوصلہ افزائی، آٹو موٹیو سیکٹر کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔