وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس میں حج 2019ءکیلئے سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
پچھلی حکومت نے حج اخراجات میں سبسڈی دی تھی۔ اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت اس برس ایک لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا۔ سبسڈی کے بغیر شمالی پاکستان کے لئے4 لاکھ 36 ہزارروپےکے اخراجات ہوں گے۔ جنوبی پاکستان کے لئے 4 لاکھ 26 ہزار روپے حج اخراجات ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور نے 45 ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دینے کی تجویز دی تھی۔
پاکستان سے حج 2019 میں ایک لاکھ 84 ہزار 210 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔ ایک لاکھ 7 ہزار سرکاری 76 ہزار سے زائد عازمین پرائیویٹ اسکیم کے تحت جائیں گے۔ مسلسل 3سال سےناکام رہنے والے 10 ہزارعازمین بغیر قرعہ اندازی حج پر جائیں گے۔
فیکٹری لیبر کے لئے جنہیں ان کا ادارہ حج پر بھیجے گا، 500 کا کوٹہ مختص کردیا گیا ہے، لیبر کوٹے پر جانے والے عازمیں کو بغیر قرعہ اندازی شامل کیا جائے گا۔
حج قرعہ اندازی میں 97 ہزار درخواست گزاروں کو شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایئرلائنز کی طرف سے حج ٹکٹ 15 ہزار روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔ حج 2019 کے لئے ایئر ٹکٹ 1 لاکھ 5 ہزار روپے ہوگا،حج کا سفر مہنگا ہونے کی ایک وجہ سعودی حکومت کی طرف سے مخلتف ٹیکسز کا لگایا جانا بھی ہے۔