افغانستان میں طالبان کے مختلف حملوں میں 47 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق صوبہ کندوز میں چیک پوسٹوں پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 21 فوجیوں سمیت 3 پولیس اہلکار مارے گئے اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ صوبہ بغلان میں بھی طالبان نے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس میں 11 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
صوبہ مغلانہ کے مرکزی ضلع میں طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور5 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب صوبہ کندوز کے صوبائی کونسل کے سربراہ یوسف ایوبی کا ان حملوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ صوبے میں سیکیورٹی کی صورت حال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے جب کہ خدشہ ہے کہ کہیں یہ صوبہ ایک بار پھر طالبان کے ہاتھوں میں نہ آجائے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں حملے عین اُس وقت کئے جا رہے ہیں جب روس کے دارالحکومت ماسکو میں افغان رہنماؤں اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات شروع ہونے والے ہیں۔