مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو کشمیری شہید ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بے گناہ کشمیریوں کو ضلع بڈگام کے علاقے چادورہ میں شہید کیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کےنام پر نوجوانوں پر فائرنگ کی ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق قابض انتظامیہ نے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے۔
بھارتی قابض فوج نے گزشتہ اتوار 10 فروری کو بھی سرچ آپریشن کی آڑ میں 5 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔
بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام کے علاقے کیلم میں اتوار کو قابض بھارتی فوج کی جانب سے نام نہاد سرچ آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران انتظامیہ نے ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی اور لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا۔
حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پانچ بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
بھارتی فوج کے نام نہاد آپریشن کے دوران کشمیریوں کی بڑی تعداد بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئی اور بھر پور احتجاج بھی کیا۔
بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے پیلٹس گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے کئی کشمیری شدید متاثر ہوئے۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں نام نہاد آپریشن کے دوران نہتے کشمیریوں کا قتل کیا جاتا ہے جب کہ بے گناہوں کی گرفتاری بھی ہوتی ہے۔