حکومتِ سندھ نے صوفی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس مبارک کے موقع پر ایک اہم اعلان کرتے ہوئے 9 اگست کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس روز سندھ کے تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے تاکہ عوام اس روحانی موقع کو پورے احترام اور جوش و جذبے سے منا سکیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ 8 اگست کو لطیف ڈے منائیں۔ اس دن صوبے کے کالجز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن کا مقصد حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات، شاعری اور صوفیانہ فکر کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ اقدام نئی نسل کو سندھ کی ثقافتی اور روحانی ورثے سے جوڑنے کی ایک خوبصورت کوشش ہے۔
حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی جنہیں سندھ کا عظیم صوفی شاعر کہا جاتا ہے اپنی شاعری شاہ جو رسالو کے ذریعے محبت، امن اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں۔انکا عرس ہر سال لاکھوں عقیدت مندوں کو بھٹ شہر میں جمع کرتا ہے جہاں وہ اپنے روحانی پیشوا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
سندھ کے عظیم صوفی شاعر، فلسفی اور موسیقار شاہ عبدالطیف بھٹائی 18ویں صدی کی ایک روشن روحانی اور ادبی شخصیت تھے جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے انسان دوستی، صبر، عشقِ حقیقی اور رواداری کا پیغام پھیلایا۔
شاہ عبدالطیف بھٹائی نے 1752 میں بھٹ شاہ ہی میں وصال فرمایا۔ انکا مزار آج بھی عقیدت مندوں کیلیے روحانی مرکز ہے جہاں ہر سال ان کا عرس تین دن تک عقیدت سے منایا جاتا ہے۔