لاہور کے سرحدی علاقے مناواں میں حساس اداروں نے ایک بھارتی ڈرون کو مار گرایا، جو پاکستانی حدود میں داخل ہو کر نگرانی کر رہا تھا۔ واقعہ جند یالہ روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں ڈرون کو نشانہ بنانے کے بعد تحویل میں لے لیا گیا۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق یہ ڈرون ہیگزا کاپٹر ماڈل ہے، اور ابتدائی تفتیش سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ یہ سرویلنس ڈرون بھارت کی طرف سے بھیجا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی ایک اور کوشش ہے، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پاک فوج نے بھمبر کے مناور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی کواڈ کاپٹر کو بھی مار گرایا تھا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ ڈرون جاسوسی کی غرض سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، مگر فوج کی فوری اور مؤثر کارروائی نے بھارتی منصوبے کو ناکام کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈرونز کی یہ مسلسل دراندازی پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا تسلسل ہے، جس میں بھارت اشتعال انگیز اقدامات اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑی ہے۔