ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان سیریز ختم ہونے پر آئی سی سی نے ٹیموں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ کے تحت ٹیسٹ سیریز میں دو ایک سے ناکامی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ تیسری سے پانچویں پوزیشن پر آگری ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم سینٹ لوشیا میں کھیلا گیا آخری ٹیسٹ 232 رنز سے جیتنے میں سرخرو رہی تاہم دو ٹیسٹ ہارنے سے اس کو 4 رینکنگ پوائنٹس سےمحروم ہونا پڑا جس سے اس کی رینکنگ متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرنے پر 7 پوائنٹس ملے ہیں لیکن اس کی رینکنگ میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ نئی درجہ بندی میں بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔ ساوتھ افریقہ کا دوسرا ، نیوزی لینڈ کا تیسرا آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے ۔ ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پاکستان ٹیم کا نمبر ساتواں ہے۔