میگا منی لانڈرنگ کیس میں 5 مارچ تک توسیع کردی گئی ۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عبوری ضمانت پر رہا آصف زرداری اورفریال تالپور عدالت پہنچے جب کہ گرفتار ملزمان انور مجید ، عبدالغنی مجید ، حسین لوائی اور طحہٰ رضا کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ انور مجید کے 3 بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
پیشی کے دوران ایف آئی اے نے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کئے گئے ملزم اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
نیب پراسیکیوٹر نےکیس اسلام آباد منتقل کرنے کے حق میں موقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب نے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس لئے ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستیں نہ سنی جائیں۔ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیا جائے، جس کے مطابق ملزمان کی ضمانتیں سننے کی گنجائش نہیں رہتی۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکلان کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست کی اور موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے نیب ریفرنسز اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ فیصلے میں بینکنگ کورٹ کیس کا کوئی ذکر نہیں، فاروق ایچ نائیک قانون ملزمان کی ضمانتیں سننے پر کوئی قدغن نہیں لگاتا، ایف آئی اے اور نیب سپریم کورٹ فیصلے کی غلط تشریح کررہے ہیں۔
عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ آپ کو بتانا ہوگا کیس میں کیا پیش رفت ہو رہی ہے، ایف آئی اے کو جو کہنا ہے تحریری طور پر جمع کرائے۔ عدالت نے انور مجید اور اے جی مجید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی جب کہ آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔